مہور//ریاسی کے بھوماگ علاقہ میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آرہے قریبی رشتہ داروں کی گاڑی کو المناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 7افراد لقمہ اجل جبکہ 3شدید زخمی ہوئے ۔ مہلوکین میں3بچے شامل ہیں۔یہ حادثہ جمعرات کی شب اس وقت پیش آیا جب وہ ایک رشتہ دار کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد سجھندھار سے واپس اپنے گھرچوراکوٹ جارہے تھے ۔آلٹو زیر نمبر Jk02H-1515 تامس گلی میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں اس میں سوار 10میں سے 7افرادموقعہ پر لقمہ اجل ہوئے جبکہ دیگر3شدیدزخمی ہوئے ہیں۔آلٹو کار میں 10افراد سوار تھے۔حادثہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اورمقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور راحت و بچاؤ کارروائیاں شروع کی گئیں۔اس دوران 3 زخمیوں کو علاج کے لئے مقامی اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے انہیں بہتر علاج ومعالجہ کے لئے میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کر دیا ۔ ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ حادثہ گزشتہ رات ساڑھے گیارہ بجے پیش آیااور اطلاع ملنے پرمقامی پولیس اور ایس ڈی آر ایف نے مقامی لوگوں کی مدد سے فوری طور پر بچائو آپریشن شروع کیا گیا ۔ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مہلوکین کے گھروالوں کے حق میں ایکس گریشیاء ریلیف واگزار کیا جائے گا۔ مرنے والوں کی شناخت 9 سالہ وکرم سنگھ ولد بھوری ساکن چورا کوٹ، 8 سالہ پنکج سنگھ ولد اتم سنگھ ساکن چورا کوٹ، 20 سالہ رگھو ناتھ ولد بلونت سنگھ ساکن ہروٹ کوٹ، 40 سالہ کرن سنگھ ولد بالک رام ساکن اترانہ کوٹ، 14 سالہ رام سنگھ ولد بلدیو سنگھ ساکن اترانہ کوٹ، 22 سالہ سردھول سنگھ ولد جمیت سنگھ ساکن اترانہ کوٹ، 25 سالہ روشن سنگھ ولد گندھرب سنگھ ساکن اترانہ کوٹ تحصیل بھوماگ کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں کی شناخت 32 سالہ اتم سنگھ ولد منشی رام ساکن چورا کوٹ، 21 سالہ پردیو سنگھ ولد بدھی سنگھ ساکن ہروٹ کوٹ اور 29 سالہ لہر سنگھ ولد تیج رام ساکن
ہروٹ کوٹ تحصیل بھوماگ کے طور پر ہوئی ہے۔