جموں //ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھاجپا کے دو متنازعہ وزراء کا استعفیٰ منظور کرلیاہے جنہوںنے کٹھوعہ کے رسانہ عصمت ریزی و قتل کیس میں ملوث ملزمان کی حمایت میں منعقد کی گئی ریلی میں شرکت کی تھی ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ لعل سنگھ اور چندر پرکاش گنگا کے استعفیٰ نامے بی جے پی کے ریاستی صدر ست پال شرما کی طرف سے اتوار کی صبح وزیر اعلیٰ کو موصول ہوئے جن کو فوری طور پر منظور کرکے گورنر این این ووہرا کو بھیج دیاگیاتاکہ قانونی تقاضے پورا کئے جاسکیں ۔ان استعفوں کی منظوری کے ساتھ ہی ریاستی کابینہ میں وزراء کی تعداد کم ہوکر 22رہ گئی ہے جن میں بھاجپا کے 9وزیر شامل ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ کابینہ میں اس وقت تین وزارتیں خالی ہیں ،واضح رہے کہ گزشتہ مہینے پی ڈی پی نے وزیر خزانہ کا قلمدان رکھنے والے حسیب درابو کوبرطرف کردیاتھا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گنگا اور لعل سنگھ نے یکم مار چ کو کٹھوعہ میں ایک ریلی میں شرکت کی تھی جو ملزمان کی حمایت میں منعقد ہوئی تھی ۔دونوں سابق وزراء نے گزشتہ روزکہاتھاکہ انہیں پارٹی کی طرف سے کٹھوعہ بھیجاگیاتھاتاکہ احتجاج کررہے لوگوں کی شکایات سنی جاسکیں ۔ادھر کابینہ میں 22اپریل کے بعد کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر پھیر بدل متوقع ہے ۔باوثوق ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کوبتایاکہ کابینہ خاص طور پر بھاجپا کی طرف سے بڑے پیمانے پر پھیر بدل متوقع ہے ۔ذرائع بتایاکہ بھاجپا کے قومی جنرل سیکریٹری رام مادھوکا 22اپریل کوجموں دورہ متوقع ہے جس دوران وہ پارٹی کی لیجسلیچر میٹنگ طلب کرکے نئے ناموں پر کسی نتیجہ پر پہنچیںگے۔پارٹی ذرائع نے بتایاکہ میٹنگ کے دوران نئے ناموں پر تبادلہ خیال ہوگا ۔بی جے پی ذرائع نے بتایاکہ وہ اپنی اتحادی جماعت پی ڈی پی کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن بھاجپا میں بڑے پیمانے پر پھیر بدل ہوگا اور کئی نئے چہروں کو بھی موقعہ دیاجاسکتاہے جبکہ کچھ کو آرام دیاجاسکتاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ کچھ وزراء کے قلمدان بھی تبدیل کئے جاسکتے ہیں ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اس حوالے سے بہت جلد دہلی میں سب کچھ طے ہوجائے گا۔ذرائع کاکہناہے کہ رام مادھو نے گزشتہ روز ریاست کے بڑے بھاجپا اور آر ایس ایس لیڈران کے ساتھ جموں میں بند کمرے میں ملاقات کرکے وزراء کی کارکردگی پر تفصیلات سے رد عمل حاصل کیا اور ساتھ ہی کابینہ میں نئے ناموں کو شامل کرنے پر بھی غور و خوض ہوا۔اس میٹنگ میں بھاجپا کے قومی نائب صدر و انچارج جموں و کشمیر اویناش راج کھنہ ، نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، جنرل سیکریٹری اشوک کول ، وزیر صحت بالی بھگت سنگھ ، ریاستی صدر ست پال شرمااور آر ایس ایس کے جنرل سیکریٹری پرشوتم دیدیچی سمیت تنظیم کے دیگر اہم رہنمائوں نے بھی شرکت کی ۔ذرائع نے بتایاکہ اس دوران تفصیل سے تبادلہ خیال کیاگیا اور رسانہ معاملے کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر غور و خوض ہوا ۔ ذرائع نے بتایاکہ میٹنگ میں بھاجپا وزراء کی کارکردگی بھی زیر بحث لائی گئی ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اس سلسلے میں ایک رپورٹ تیار کی گئی ہے اور بہت جلد ہائی کمان کی طرف سے معاملات طے کئے جائیںگے ۔اسمبلی اسپیکر و ممبرا سمبلی گاندھی نگر کویندر گپتا نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ رام مادھو کا دورہ جموں 22اپریل کو متوقع ہے اور ان کی آمد پر اہم میٹنگ منعقد ہوگی