جموں / /حکومت نے اورنٹل انشورنس کمپنی لمٹیڈ کے اشتراک سے ملازمین کے لئے یکم دسمبر 2017ء سے لے کر 30؍نومبر 2018ء تک کیلئے گروپ پرسنل ایکسیڈنٹل انشور نس پالیسی کو منظوری دی ہے ۔اس حوالے سے محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پالیسی کے تحت تمام ریاستی ملازمین آئیں گے جن میں پی ایس یو ،خود مختار اداروں ، لوکل باڈیز ، یونیورسٹیوں کے ملازمین کے ساتھ ساتھ ڈیلریٹیڈ ورکر ، کیجول ورکر ، کنسالڈیٹیڈ ورکر ، کنٹریکچول ، کنٹجنٹ پیڈ ورکر ، ایڈ ہاک ملازمین اور ایس پی اوز بھی شامل ہیں۔پالیسی کے تحت ہر ملازم کا 10لاکھ روپے کا انشورنس ہوگا جس کے لئے اسے سالانہ 359.90 روپے پریمیم ادا کرنا ہوگا۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سرکار کے تمام ڈی ڈی اوز تمام زمروں ملازمین کا پریمیم نومبر 2017کی تنخواہوں سے کاٹ لیں گے ۔اسی طرح خود مختار اداروں کے ڈی ڈی اوز بھی اپنے ملازمین کا پریمیم کاٹ کر اسے چیک کی صورت میں محکمہ خزانہ میں جمع کریں گے اور یہ چیک پرنسپل سیکرٹری فائنانس کے نام ہونا چاہیے۔