جموں//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم یاسین آج راج بھون جموں میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور جموں وکشمیر کی سیاسی، سماجی، ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ حکیم یاسین نے لیفٹیننٹ گورنر پر زور دیا کہ وہ مرکزی حکومت خاص کر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو جموں وکشمیر کے ریاستی تشخص کو بحال کرنے کیلئے آمادہ کریں۔ حکیم نے کہاکہ ان دونوں لیڈران نے ملک کے پارلیمان میں جموں وکشمیر کے ریاستی تشخص کو بحال کرنے اور مقامی لوگوں کی اراضی و نوکریوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا ہے۔انہوںنے لیفٹیننٹ گورنر سے کہا کہ ریاستی تشخص کی بحالی جموں وکشمیر کے لوگوں میں اعتماد سازی اور آپسی بھروسے کو بحال کرنے کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔حکیم نے لیفٹیننٹ گورنر سے کشمیر کو ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے کے لئے زیر تجدید سرینگر- جموں قومی شاہراہ کو جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا کیونکہ شاہراہ مسلسل بند رہنے کی وجہ سے کشمیر میں اکثر اشیاء ضروریہ کی قلت رہنے کے ساتھ ساتھ ان کی قیمتیں آسمان کو چھو جاتی ہیں اور ہوائی کرایہ ناقابل برداشت حد تک بڑھ جاتاہے نیز ان وجوہات کی وجہ سے جموں وکشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں پر بھی بہت ہی برا اثر پڑتا ہے۔حکیم نے لیفٹیننٹ گورنر سے استدعا کی کہ توسہ میدان ۔ دودھ پتھری ۔ یوسمرگ ٹورسٹ سرکٹ کو فوری طور تعمیر کیا جائے تاکہ ان علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لایا جا سکے۔ حکیم یاسین نے لیفٹیننٹ گورنر سے خانصاحب بڈگام میں نالہ سکھ ناگ اور نالہ شالی گنگا پر منی پن بجلی پروجیکٹوں پر فوری طور کام شروع کروانے کی اپیل کی جن کے DPR آج سے دس سال قبل منظورکئے گئے ہیں۔