سرینگر // جموں و کشمیر کے اعلیٰ سرکاری حکام نے نئی دہلی میں الیکشن کمیشن افسران سے تفصیلی میٹنگ کی ہے جس میں ممکنہ طور پر ریاستی اسمبلی انتخابات کے تاریخوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ میٹنگ الیکشن کمیشن کی طرف سے نامزد کئے گئے خصوصی مبصرین کی جانب سے اسمبلی انتخابات کے ضمن میںپیش کئے گئے رپورٹ کے بعد طلب کی گی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ میں ریاستی پولیس سربراہ دلباغ سنگھ، چیف سیکریٹری آر سبھرا منیم، ہوم سیکریٹری شالین کابرا،کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ مکمل کمیشن‘، جس میں چیف الیکشن کمشنر اوردو الیکشن کمشنر 30اپریل کو اس ضمن میں ایک اہم میٹنگ منعقد کرنے والے ہیں جس میں ممکنہ طور پرریاستی اسمبلی انتخابات کے تاریخوں پر مشاورت کی جائیگی۔ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر شیلندر کمار نے جمعرات کو نئی دہلی میں ڈپٹی الیکشن کمشنر سے جمعہ کو ہوئی میٹنگ سے قبل ہی ملاقات کی ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ہے کہ ریاستی حکومت نے ریاستی اسمبلی کے انتخابات نومبر میں کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔تجویز میں کہا گیا ہے کہ رمضان کا مہینہ، اسکے بعد عید، اور امرناتھ یاترا شروع ہونے کیساتھ ساتھ سیاحتی سیزن اور اکتوبر میں تعلیمی اداروں کے امتحانات کو مدنظر رکھ کر انتخابات کو نومبر میں منعقد کرایا جائے۔تجویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تب تک جنگجوئوں کیخلاف سیکورٹی فورسز کا دبائو بر قرار رکھا جائے گا اور حالات میں مزید بہتری آنے کا قوی امکان ہے۔الیکشن کمیشن کی ترجمان شیفالی شرن نے بتایا کہ کمیشن نے ابھی تک اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے ضمن میں کوی فیصلہ نہیں کیا ہے۔انہوں نے اس بات کی تصدیق کی 30اپریل کو ہونے والی میٹنگ میں ریاستی اسمبلی انتخابات کا ہی ایجنڈا ہے۔