سرینگر//نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ نے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست کی جغرافیائی ہیئت کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں ، تاکہ ریاست کے عوام بجلی کی وافر مقدار مہیا کرائی جاسکے۔نائب وزیرا علیٰ نے یہ ہدایات جے کے پی ڈی سی کی منیجمنٹ اینڈ فائنانس سب کمیٹی کی دوسری میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔بجلی کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، کمشنر سیکرٹری فائنانس نوین چودھری ، کمشنر سیکرٹری بجلی دھیرج گپتا اور جے کے پی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہ فیصل کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔نائب وزیراعلیٰ نے افسران کو ایک جامع منصوبہ ترتیب دینے کی ہدایت دی تاکہ عوام کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوششوں میں تیزی لائی جانی چاہئے۔بجلی سیکٹر میں اٹھائے گئے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ س سیکٹر میں جاری پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے کے فروغ کیلئے پی ایم ڈی پی کے تحت خصوصی مد قائم کیا گیا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ریاست کو بجلی سیکٹر میں خود کفیل بنانے کے لئے جامع اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی خرید پر کثیر رقم خرچ کی جاتی ہے تاہم اگر ریاست کو بجلی کی پیداوار میں خود کفیل بنایا جاتا ہے تو اس رقم کو دیگر ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جاسکتا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کپٹل کاموں کے لئے 1068.51 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں جبکہ ان پروجیکٹوں کے آپریشن اور رکھ رکھا ئو کے لئے 236.92 کروڑ روپے مخصوص رکھے گئے ہیں۔میٹنگ میں محکمہ بجلی سے جڑے دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔