سرینگر// محکمہ سیاحت نے پہلی مرتبہ ثقافتی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مقامات مخصوصہ کا سیاحتی کلینڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جس میں ریاست کے مختلف سیاحتی مقامات پر منعقدہ ثقافتی تقاریب کی تاریخوں کو نمایاں کیا جائے گا۔ محکمہ سیاحت نے ایڈیشنل ڈائریکٹروں کو ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کے ثقافتی کلینڈر تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستی سطح کے ثقافتی تقاریب کے دوران محکمہ ٹورازم جموں کشمیر کے منفرد تہذیب و تمدن،ثقافت،لوک موسیقی،دستکاری اور فن کو فروغ دے گی۔ثقافتی کلینڈر جموں کشمیر میں تمام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز تیار کریں گی،جس سے کم معروف سیاحتی مقامات کی طرف سے مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔ اس سلسلے میں سیکریٹری سیاحت ریگزن سمپھال نے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ متعلقہ ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کے چیف ایگزیکٹوں افسران کی مدد سے ثقافتی کلینڈر15جولائی تک تیار کریں۔سیکٹریٹری سیاحت ریگزن سمپھال نے اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ کوشش پیشگی میں ہی ثقافتی تقاریب کو فروغ دینے کیلئے شروع کی گئی ہے،تاکہ ریاست کا سیاحت کے حوالے سے سفر کرنے والے قبل از وقت ان تقاریب کے بارے میں جانکاری حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا’’ہم تمام24ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں میں ثقافتی پروگرام متعارف کرا رہے ہیں،تاکہ سیاحوں کی اچھی خاصی تعداد جموں کشمیر میں سیاحت کی غرض سے آئے،اور ہمارے منفرد تہذیب و تمدن کے علاوہ دستکاری اور فن و ثقافت اور موسیقی سے نہ صرف لطف اندوز ہو،بلکہ ان سے تجربہ حاصل کر کے جانکاری حاصل کر سکیں۔ سیکریٹری سیاحت نے کہا کہ ہم پیشگی میں ہی ان ثقافتی تقاریب سے متعلق کلینڈر تیار کر رہے ہیں،اور ان کو پیشگی میں ہی فروغ دیا جا رہا ہے،تاکہ سیاح اپنے پروگراموں کو اسی تناظر میں ترتیب دیں۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ سیاحت ریاست گیر ثقافتی پروگراموں کو متعارف کرائی گئی،جبکہ اس کیلئے ڈائریکٹر کشمیر اور ڈائریکٹر جموں کو نوڈل آفسر مقرر کیا گیا ہے۔ریگزن سمپھال کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کوفی کس5لاکھ روپے کی رقم فرہم کی جائے گی،تاہم اس کے تصرف کا اختیار متعلقہ ڈائریکٹروں کو ہی حاصل ہوگا۔