سرینگر // ریاست میں کسٹوڈین اراضی پر 12نئے تعمیراتی پروجیکٹوں کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا جا رہا ہے جن میں سے 7جموں اور 5کشمیر وادی میںبنیںگے۔محکمہ کسٹودین نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں کسٹوڈین کے اثاثوں کاپچھلے دو برسوں کے دوران46کروڑ سے زیادہ کرایہ اور بقایاجات کی رقم وصول کی گئی ہے جس سے محکمہ کی آمدنی میں مزید اضافہ ہو ا ۔ ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ریاستی سرکار نے پہلے ہی نئے 12پروجیکٹوں کی تعمیر کی منظوری دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بادام واڑی سانبہ میں کیمونٹی ہال کی تعمیر ہو گی،جبکہ دموال جموں میں رہائشی فلیٹ تعمیر کئے جائیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ سندربنی میں دفاتر وشاپنگ کمپلیکس تعمیر کئے جائیں گے۔ چنور جموں میں رہائشی کالونیاں تعمیر ہوں گی ۔نانک چک سانبہ میں بنکٹ اور کیمونٹی ہال کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا جا رہا ہے اورپرکھو جموں میں رہائشی فلیٹ تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر صوبہ میں حیدرپورہ سرینگراور زیون پانپور میں رہائشی فلیٹ تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ہارون سرینگر اور اندرا نگر سرینگر میں کیمونٹی ہال اور مریج ہالوں کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے ۔اسی طرح گپکار سرینگر میں وزارتی بنگلے تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔ ریاست میں محکمہ کے پاس اثاثوں کے کرایہ اور بقایاجات کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پچھلے 2برسوں کے دوران محکمہ نے 46کروڑ روپے سے زیادہ کاکرایہ اور بقایاجات لوگوں سے حاصل کیا ہے ۔ذرائع نے ا عدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے مالی سال 2017.18میں جموں سے 24کروڑ 40لاکھ 52ہزار جبکہ کشمیر وادی سے 15کروڑ 67لاکھ 60ہزار روپے کرایہ اور بقایہ جا ت حاصل کئے گئے ہیں ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ مالی سال2018.19میں مارچ سے جولائی تک محکمہ نے جموں سے 5کروڑ 88لاکھ اور کشمیر وادی سے 2کروڑ 63لاکھ روپے کی رقم بطور کرایہ اور بقایاجات حاصل کئے ۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ نے ابھی تک 1.83.54کروڑ کا کرایہ بنکوں میں جمع کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ رواں سال محکمہ نے 20کروڑ کی رقم بنکوں میں جمع کرائی ہے ۔محکمہ کے پاس موجود اثاثوں کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ جموں میں محکمہ کے پاس 1بنکٹ اور مریج ہال ہے جبکہ کشمیر وادی میں ان کی تعداد 2ہے ۔وادی میں محکمہ کے پاس ایک شاپنگ مال بھی ہے ۔ذرائع نے محکمہ کے پاس موجود مکانات کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں مکانات کی کل تعداد 3907ہے جس میں سے جموں میں 3798اور کشمیر وادی میں 109ہیں ۔اس کے علاوہ محکمہ کے پاس ریاست میں 555فلیٹ ہیں جن میں جموں میں 403اور کشمیر میں 152 ہیں ۔ محکمہ کے پاس ریاست میں 1447دکانات ،گودام اور گیراج ہیں جن میں جموں میں 1150اور کشمیر میں 279شامل ہیں۔محکمہ کے پاس جموں میں 469ایک کمرے والے شیڈ بھی ہیں ۔ وادی میں محکمہ کے پاس 57ہال (کمرے) ہیں جبکہ یہاں ایک گائو خانہ بھی موجود ہے ۔محکمہ کے مطابق اُن کے پاس ریاست میں 1836کنال 6مرلہ باغاتی زمین بھی موجود ہے ۔ کسٹودین جنرل اعجاز احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے کرایہ وصولنے اور بقایاجات حاصل کرنے کے حوالے سے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ اس سے لوگوں کو فائدہ مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے ریاست جموں وکشمیر میں کسٹودین اراضی کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور ہر ہفتے کمیٹی سے اثاثوں کے کرایہ جات اور بقایاجات کے حوالے سے رپورٹ مانگی جاتی ہے ۔