سرینگر //ریاست جموں وکشمیرمیں سڑک حادثات سے متعلق خود کار ڈاٹا منیجمنٹ سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ان باتوں کی جانکاری ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری اصغر حسن سامون نے اس سافٹ وئیر کو شروع کرنے کے دوران دی۔ اس سافٹ وئیر کو ایم وی ڈی کی طرف سے متعارف کیا گیا ہے جو سڑک حادثات سے متعلق برسر موقعہ حقیقی جانکاری فراہم کرنے میں کافی مدد گار ثابت ہوگا۔پرنسپل سیکرٹری نے ٹرانسپورٹ کمشنر کو ریکارڈ مدت میں اس سسٹم کو متعارف کرانے پر داد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سڑک حادثات کو کم کرنے اور روڈ سیفٹی سے متعلق مزید جانکاری پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے میٹنگ میں بتایا کہ سُپریم کورٹ نے2015 میں اس نظام کو متعارف کرانے کے احکامات صادر کئے تھے اور ریاست میں2017 میں اس پر کام شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جی آئی ایس پر مبنی ایک بہترین انفارمیشن نظام ہے جس کی بدولت غلط ڈرائیونگ، سڑکوں کی ہیت، املاک کو ہوئے نقصان، اؤر لوڈنگ اور دیگر وجوہات کی نشاندہی ہوگی جن کے سبب سڑک حادثات رونما ہوتے ہیں۔یہ نظام اپنا خود کار سسٹم استعمال میں لاکر مختلف طرح کی 65 رپورٹیں پیش کرسکتا ہے۔افتتاحی تقریب کے دوران محکمہ پولیس، آر ٹی اوز اور اے آر ٹی اوز کو ماہر تربیت کاروں نے اس نظام کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ میں آئی جی ٹریفک بسنت رتھ، آئی جی کشمیر ایس پی پانی اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔