جموں// یوتھ نیشنل کانفرنس جموں کے صوبائی صدر اعجاز جان نے منگل کو بانہال میں طلباء پر بے جا طاقت کااستعمال کرنے پر دُکھ کااظہار کیا ہے۔ انہوںنے پی ڈی پی۔ بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست جمو ں وکشمیر کو بحران جیسی صورت حال کی طرف دھکیل رہی ہے۔ جان نے اپنے ایک بیان میں طلباء کے خلاف بے جا طاقت کا استعمال کرنے کی مذت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلباء قصبہ بانہال میں پرُ امن طورپر جمہوری اقدار کی پاسدار ی کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے تھے۔ جان نے کہا کہ ریاست میں موجودہ سیاسی نظام جمہوریت کے ماتھے پر ایک بدنما داغ ہے اورگذشتہ دو سال کے عرصہ کے دوران ریاست کے عوام بے پناہ مشکلات اورمصائب کاشکار ہی اور موجودہ تشویناک حالات ریاستی حکومت کے خفیہ ایجنڈے کی بخوبی عکاسی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کے غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریاست کے تینوں خطوں کی عوام تکالیف میں مبتلا ہیں اور یہ سب صرف غیر یقینی سیاسی صورت حال بلکہ نااہل انتظامیہ کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی عوام موجودہ نااہل حکومت کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں گے اوراب وقت آگیا ہے پی ڈی پی ، بی جے پی کی غیر ذمہ دارانہ حکومت کو برخاست کرکے جموں وکشمیر میں گورنر راج نافذ کیاجائے تاکہ امن وقانون کی صورت حال بحال ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت کو مزید وقت کے لئے بحال رکھناریاست کی سلامتی کے لئے خطرے سے خالی نہیں ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر وتحمل کامظاہرہ کرتے ہوئے آپسی بھائی چارے کی قدروں کوبنائے رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تینوں خطو ں کی عوام کا اتحاد واتفاق تخریب کار قوتوں کے مذموم ارادوں کو ناکام بنانے میں مؤثر ثابت ہوگا ۔