پلوامہ+کپوارہ //رہمو پلوامہ میں جنگجو مخالف کارروائی کے دوران مظاہرین اور فورسز میں جم کر جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران 5افراد شدید زخمی ہوئے جن میں کچھ پیلٹ لگنے سے مضروب ہوئے۔ ادھرپلوامہ کے لری بل اور نیوہ علاقوں میںکریک ڈائون کے دوران لوگوں کو برفباری اور ٹھٹھرتی سردی میں کئی گھنٹوں تک گھروں سے باہر رکھا گیا۔ایس او جی ، فوج کی55 اور سی آر پی ایف 182و183بٹالین سے وابستہ اہلکاروں نے بدھ کی دوپہر نیو کالونی رہموکی بستی کا محاصرہ کیا۔فورسز کو علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی تھی ۔جونہی فورسز اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی کا آغاز کیا تو لوگ گھروں سے باہر آکر احتجاج کرنے لگے۔فورسز نے جب انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی تو لوگ مشتعل ہوئے اور انہوں نے بیک وقت کئی اطراف سے فورسز پر پتھرائو شروع کیا۔ جب سنگباری میں شدت پیدا ہوئی تومظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے پہلے لاٹھی چارج کیا گیا اور اشک آور گیس کے گولے داغے گئے۔فورسز نے جھڑپوں کے دوران تلاشی کا عمل جاری رکھا۔فورسز کی شلنگ اور پیلٹ سے 5نوجوان مضروب ہوئے جن میں کچھ کو پیلٹ لگے تھے۔ادھر پلوامہ کے ہی نیوہ علاقے میں منگل کی شب9بجے پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں نے جنگجوئوں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کیا ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ فورسز نے مردوزن کو گھروں سے باہر نکالا اور انہیں کئی گھنٹوں تک برفباری اور کڑاکے کی سردی میں گھروں سے باہر رہنے پر مجبور کیا۔تلاشی کارروائی رات ڈیڑھ بجے تک جاری رہی۔ بدھ کی صبح پولیس اور فورسز نے لری بل پلوامہ کو بھی گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی۔ ساڑھے12بجے کے قریب فورسز اہلکار وہاں سے چلے گئے۔ اس دوران کرالہ پورہ کپوارہ کے ملحقہ دیہات دردسن میں فوج نے دوران گھر گھر تلاشی کارروائی کی۔بدھ کی علی الصبح دردسن کے بٹ محلہ اور پائر محلہ کو محاصرے میں لیا گیاجس کے دوران کئی گھنٹوں تک تلاشی لی گئی۔