سرینگر//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے رہبرِ جنگلات کی سکیم کے تحت 534 فارسٹری گریجویٹوں میں تعیناتی کے احکامات تقسیم کئے ۔سرکاری حکمنامہ تقسیم کرنے کے بعد ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے نئے ملازموں سے کہا کہ وہ جنگلات کی حفاظت کرنے کے لئے تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سبز سونے پر ہور ہے نقصان کو روکنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔بے روزگاری کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اُن کی حکومت اس مسئلے کے حل کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو نوجوانوں میں مقبول بنانے کے لئے انٹرپرینور شپ کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوشش سیاحت و باغبانی کے علاوہ عمل میں لائی جارہی ہے، جن میں روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔حضرت شیخ نورالدین نورانی ؒ کے ایک شرکھ اَن پوشہِ تیلہ ییلہِ وَن پوشہِ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے پودوں اور درختوں کو محفوظ رکھنے پر زور دیتے کہا کہ انسانی جان تبھی قائم ہے ، جب ریاست میں پیڑ پودے سرسبز شاداب رہیں گے ۔انہوںنے محکمہ جنگلات کو جنگلاتی علاقوں میں میوئوں کے پیڑ لگانے پر سراہنا کی کیونکہ اس کوشش سے جنگلی جانوروں کا خوراک کی تلاش میں جنگلات سے باہر آنے کے امکانات کم ہوں گے ۔وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر سٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے آن لائن کنسنٹ منیجمنٹ اینڈ مونیٹرنگ سسٹم کا آغاز کیا۔ اس نظام کے تحت منظور شدہ یونٹ ہولڈروں کے حق میں آن لائن اجازت نامہ فراہم کرنے میں آسانی ہوگی ۔وزیر جنگلات و ماحولیات چودھری لعل سنگھ نے اس موقعہ پر محکمہ کی سرگرمیوں کی تفاصیل پیش کیں ۔ وزیر مملکت برائے جنگلات میر ظہور احمد نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔ اس موقعہ پر ممبران قانون سازیہ نور محمد شیخ اور انجم فاضلی کے علاوہ چیف کنزرویٹر فارسٹس روی کیسر، چیئرمین سٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ سدھارتھ کمار موجود تھے۔