بانہال // رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کا ایک وفد ریاستی صدر ونود شرما کی قیادت میں ریاستی وزیر تعلیم الطاف بخاری سے آج جموں میں ملاقی ہوا ، اس وفد میں صوبہ جموں کے تمام ضلع صدور اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم کو فورم کے لیڈروں نے ایک یاداشت پیش کی جس میں اساتذہ کی چھ ماہ سے بند پڑی تنخواہوں ، رہبر تعلیم ٹیچروں کے تبادلوں کی پالیسی کو عملانے کے علاوہ رہبر تعلیم ٹیچروں کو درپیش کئی معاملات اٹھائے گئے ۔ آل جموں وکشمیر رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کی طرف سے اٹھائے گئے معاملات کو وزیر تعلیم نے ہمدردی سے سنا اور یقین دلایا کہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ فورم کی طرف سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق وزیر تعلیم نے وفد کو یقین دلایا کہ رہبر تعلیم ٹیچروں کی ٹرانسفر پالیسی کو جلد از جلد لاگو کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں ایک دو ہفتے کے اندر اندر باضابطہ حکم دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی چھ ماہ سے بند پڑی تنخواہوں کے معاملے پر وزیر تعلیم نے فوری طور پر سروا شکھشا ابھیان کے سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر کو فون پر ہدایات جاری کیں کہ وہ اساتذہ کے حق میں دو ماہ کی تنخواہیں فوری طور واگزار کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم الطاف بخاری نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ضلع رام بن کے اساتذہ کیلئے 287 لاکھ روپئے کی اضافی رقم فوری طور پر واگذار کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں جو پہلے سے ہی ضلع رام بن کیلئے واگذار کئے گئے اکیاسی لاکھ روپئے کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ وزیر تعلیم نے ٹیلی فون پر پروجیکٹ ڈائریکٹر کو احکامات صادر کئے کہ وہ ضلع رام بن کے رہبر تعلیم اساتذہ کیلئے مزید 203 لاکھ روپئے کی رقم بھی واگذار کریں تاکہ ضلع رام بن کے اساتذہ کو بھی فی الحال پورے دو ماہ کی تنخواہ واگذار کی جاسکے۔ اس وفد میں ریاستی صدر ونود شرما کے علاوہ صوبائی صدر راجیش جموال ، ضلع صدر رام بن گلزبیر ڈینگ ، راجوری صدر منظور خان ، ریاسی ضلع صدر بلوان سنگھ ، جموں کے ضلع صدر سبھاش چندر ، سمینہ کوثر ، نصرت بانو ، سرجیت سنگھ قابل ذکر ہیں۔