ہندوارہ//اے آئی پی سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے مرکزی سرکار کی طرف سے سپریم کورٹ میں روہنگیائی پناہ گزینوں کے متعلق دائر کئے گئے حلف نامے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہر معاملے کو فرقہ واریت کی نگاہ سے نہ دیکھے۔ لنگیٹ اور ہندوارہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کے دورا ن انجینئر رشید نے کہا کہ پناہ گزینوں کا معاملہ انسانی مسئلہ ہے اور اس میں دوسرے زاوئیے تراشنا مناسب بات نہیں ۔ انجینئر رشید نے کہا ’’پناہ گزین یا مہاجر چاہئے کوئی بھی ہو ہرگز اپنی مرضی سے اپنا گھر بار نہیں چھوڑتے بلکہ حالات کی ستم ظریفیاں انہیں ایسا کرنے کیلئے مجبور کرتی ہیں۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ برما کے مسلمانوں کا کس طرح نسلی صفایا کیا جا رہا ہے اور ہندوستان چونکہ خطہ کی اہم طاقت ہے لہذا اس پر لازم ہے کہ وہ مداخلت کرکے انسانیت کو مزید رسوا ہونے سے بچانے کیلئے برما کی سرکار پر اپنا دبائو بڑھائے۔