یو این آئی
دبئی/سابق ہندوستانی کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میں میچ وننگ سنچری بنانے کے بعد اپنے کیریئر میں پہلی بار آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچ گئے۔ اس کارکردگی نے انہیں کپتان شبھمن گل اور افغانستان کے ابراہیم زدران کو پیچھے چھوڑ کر 781 ریٹنگ پوائنٹس تک پہنچنے میں مدد کی۔ یہ دوسرے نمبر پر موجود زدران سے 17 پوائنٹ زیادہ ہے ۔ افغانستان کے ابراہیم زدران نے اپنا دوسرا مقام برقرار رکھا جب کہ ہندوستان کے موجودہ کپتان شبھمن گل دو درجے تنزلی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔دریں اثنا، افغانستان کے زدران مختصر عرصے کے لئے ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی تھی ۔ یہ کامیابی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اور تیسرے ون ڈے کے درمیان اس وقت حاصل ہوئی جب گل ان سے نیچے کھسک گئے اور روہت ٹاپ پوزیشن پر نہیں پہنچے تھے ۔ دوسرے میچ میں 61 رنز بنانے والے اور تیسرے میں زخمی ہونے والے ہندوستان کے نائب کپتان شریاسا ائر ایک درجہ ترقی کرکے نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم تازہ ترین رینکنگ اپ ڈیٹ میں چوتھے نمبر پر برقرار ہیں۔ دیگر پاکستانی بلے بازوں میں محمد رضوان ایک درجہ ترقی کے ساتھ 592 پوائنٹس کے ساتھ 24 ویں نمبر پر آ گئے جبکہ امام الحق بھی ایک درجہ ترقی کر کے 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے ۔ صائم ایوب 503 پوائنٹس کے ساتھ اپنی رینکنگ میں ایک درجہ بہتری کے ساتھ 53 ویں جبکہ سلمان علی آغا 39 ویں نمبر پر آگئے ۔ ن ڈے بولنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان بدستور سرفہرست ہیں جس کے بعد جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے اور سری لنکا کے مہیش تھیکشنا تیسرے نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی بدستور سرفہرست ہیں جس کے بعد زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے اور تجربہ کار محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔