چیف سیکرٹری کی تعمیری سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے زمین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے ایک جامع جائزہ اجلاس کی صدارت کی تا کہ نیشنل ہائی ویز لاجسٹکس مینجمنٹ لمٹیڈ ( این ایچ ایل ایم ایل ) کی جانب سے جموں و کشمیر میں جاری بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کی پیش رفت اور نفاذ کا جائزہ لیا جا سکے ۔ اجلاس کی بنیادی توجہ پربت مالا اسکیم کے تحت روپ وے پروجیکٹ ، کٹرہ میں انٹر ماڈل سٹیشن اور جموں میں ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک کی حیثیت پر مرکوز رہی ، جو علاقے میں رابطہ کاری ، لاجسٹکس کی کارکردگی اور سیاحت کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے انتہائی اہم ہیں ۔ روپ وے منصوبوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ یو ٹی انتظامیہ پائیدار نقل و حمل کے حل کے ذریعے اہم سیاحتی مقامات تک بہتر رابطہ کاری کو ترجیح دے رہی ہے ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ این ایچ ایل ایم ایل نے سات ترجیحی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبوں کیلئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس تیار کرنے کیلئے ٹینڈر طلب کئے ہیں جن کی آخری تاریخ نومبر 2025مقرر ہے ۔ چیف سیکرٹری نے ڈی پی آر کو بروقت حتمی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے سیاحت کو فروغ دینے اور اہم مذہبی اور خوبصورت مقامات تک آخری میل رابطہ فراہم کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتے ہیں ۔ چیف سیکرٹری نے کٹرہ میں انٹر ماڈل سٹیشن کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ، جو ویشنو دیوی کے یاتریوں کیلئے ایک اہم سٹریٹجک پروجیکٹ ہے ۔ چیف سیکرٹری نے تمام زیر التوا مالیاتی اور انتظامی مسائل کو تیزی سے حل کرنے کیلئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا تا کہ پروجیکٹ کا بروقت آغاز یقینی بنایا جا سکے ۔ ایم ایم ایل پی جموں کی حیثیت کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے پروجیکٹ کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا تا کہ ڈی پی آر سے متعلق کاموں بشمول ٹوپوگرافیکل اور جیو ٹیکنیکل سروے اور طلب کے جائیزے کا آغاز ہو سکے ۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زمین کی دستیابی کو جلد حتمی شکل دی جائے تا کہ این ایچ ایل ایم ایل بغیر کسی تاخیر کے گراؤنڈ پر سرگرمیاں شروع کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹس سماجی و معاشی اہمیت کے حامل ہیں جو جموں و کشمیر میں بہتر رابطوں ، سیاحت اور لاجسٹکس کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے ۔