یو این آئی
جدہ /پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی صلاحیتوں کے تو سب ہی معترف ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کسی بھی ایتھلیٹ کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ صرف ٹیلنٹ کی بنیاد پر کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے کسی بھی کھلاڑی کو ٹیلنٹ کے ساتھ ساتھ بہترین فٹنس بھی برقرار رکھنی ہوتی ہے تب ہی وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتا ہے ۔ جدید ورزش کے دور میں کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اصل فرق اُس جسم میں ہوتا ہے جسے اندر سے سمجھا گیا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ رونالڈو جیسے عالمی سطح کے کھلاڑی اپنے جسم کے ہر اشارے کو پڑھنے کے لیے جدید بائیومیٹرکس پر یقین رکھتے ہیں۔ ایک جدید بائیومارکرز لیب کی حالیہ تحقیقاتی رپورٹ میں رونالڈو کی صحت سے متعلق حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم سوزش، موثر آکسیجن کی ترسیل اور اعلیٰ میٹابولک کنٹرول وہ عوامل ہیں جو رونالڈو کی کارکردگی کو دیگر کھلاڑیوں سے منفرد بناتے ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان ہی عوامل کی مدد سے رونالڈو اپنی حیاتیاتی عمر سے 12سال کم عمر فرد کی طرح کارکردگی دکھاتے ہیں۔