یو این آئی
ریاض/کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ عمر محض ایک عدد ہے ۔ 40 سالہ پرتگالی اسٹار نے اتوار کو سعودی پرو لیگ میں ال نصر کی جانب سے ایک دلکش بائسکل کک گول داغ کر اپنی ٹیم کو ال خلیج کے خلاف 1-4 کی شاندار جیت دلائی۔ یہ اُن کے کیریئر کا 954واں گول بھی تھا – ایسا گول جو فٹبال کی تاریخ میں ایک اور یادگار لمحہ بن گیا۔یہ میچ رونالڈو کے اُس متنازع ریڈ کارڈ کے بعد پہلا میچ تھا جو انہیں آئرلینڈ کے خلاف ملا تھا، لیکن انہوں نے بہترین انداز میں واپسی کرتے ہوئے اپنی کلاس اور صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔سعودی پرو لیگ کے نئے سیزن میں ال نصر کا سفر پہلے ہی بہترین تھا، آٹھ میں سے آٹھ فتوحات کے ساتھ۔ ال خلیج کے خلاف بھی آغاز سے ہی میچ ال نصر کے نام رہا۔رونالڈو نے دو بار گول کے قریب پہنچنے کی کوشش کی- ایک بار جواؤ فیلکس کی بہترین پاس پر لمبی شاٹ، اور دوسری بار قریب سے ایک زبردست موقع جسے گول کیپر انتھونی مورس نے روکا۔تاہم، جلد ہی اینجلو کی دقیق کراس پر فیلکس نے پہلا گول کر ہی دیا، اور چند لمحوں بعد ویسلی نے اسکور 0-2 کر دیا۔دوسرے ہاف کے آغاز پر ہی مراد الحوساوی نے شاندار گول کر کے اسکور 1-2 کر دیا۔ اس دوران ال خلیج نے دباؤ بھی بنایا اور کئی کوششیں کیں جنہیں نواف العقیدی نے روک لیا۔ال نصر نے ایک بار پھر میچ پر کنٹرول حاصل کیا جب سادیو مانے نے ایک خوبصورت لابڈ شاٹ لگا کر اسکور 1-3 کر دیا۔آخر میں رونالڈو کا کرشمہاس کے بعد ال خلیج کے دیمتریوس کوربیلس کو سیدھا ریڈ کارڈ ملا، اور میچ پوری طرح ال نصر کے حق میں جھک گیا۔نواف بوشل کی پرکشش کراس پر رونالڈو نے فضا میں اچھل کر دلکش بائسکل کک لگائی- ایک ایسا گول جس نے اسٹیڈیم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔جواؤ فیلکس نے ایک گول اور ایک اسسٹ کے ساتھ اپنی شاندار فارم برقرار رکھی، اور رونالڈو نے بھی لیگ میں اپنا 10واں گول اسکور کر کے پوری دنیا کو دوبارہ اپنی عظمت یاد دلا دی-یہ فتح ال نصر کی مسلسل نویں جیت تھی، اور رونالڈو کا بائسکل کک گول یقیناً سیزن کے بہترین گولز میں شمار کیا جائے گا۔