ماسکو //روس میں پارلیمانی انتخابات سے قبل صدر ولادیمیر پوتن نے قانون نافذ کرنے والے افسران اور فوجی عملے کو دو دو سو ڈالر نقد دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ صدر پوتن نے آئندہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل اپنی سیاسی جماعت ’یونائیٹڈ رشیا‘ کی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے سرکاری افسران کو نقد مراعات دینے کا کہا ہے۔اس سے قبل روسی پارلیمان کے ایوان زیریں ’دوما‘ کے ستمبر میں ہونے والے انتخابات سے بھی پہلے پنشنرز کو 135 ڈالر نقد دیے گئے تھے۔روس کے قانونی امور سے متعلق معلوماتی پورٹل میں بتایا گیا ہے کہ صدر پوتن نے حکم نانے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت ملٹری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو ان کی ’سماجی حفاظت‘ کے لیے ستمبر میں 200 ڈالر دینے کا کہا تھا۔رقوم کی نقد ادائیگی ایسے موقع پر کی گئی ہے جب حکومت بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے، جبکہ 2020 کے آخر سے صدر پوتن اپنی حکومت سے قیمتوں پر قابو پانے کا کہہ رہے ہیں۔