اپنی پارٹی میں شمولیت پرپی ڈی پی لیڈر سرور مفتی کا استقبال
سرینگر// اپنی پارٹی کے صدر دفتر پر منعقدہ ایک تقریب میں پی ڈی پی لیڈر سرور مفتی نے ساتھیوں سمیت اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری اور دیگر سینئر رہنمائوں نے نئے اراکین کااستقبال کیا۔سرور مفتی کے علاوہ ان کے جن ساتھیوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی، ان میں محمد عبداللہ شاہ، مدثر علی لٹو، شوکت احمد سلرو، ایڈوکیٹ ذیشان دانش، شوکت احمد لٹو، محمد عباس وانی اور ان کے درجنوں ساتھی شامل تھے۔ ان سبھی کا تعلق سری گفوارہ بجبہاڑہ اسمبلی حلقہ انتخاب سے ہے۔ الطاف بخاری نے مفتی سرور اور ان کے ساتھیوں کا اپنی پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے پی ڈی پی کے ان تمام قائدین کو بھی اپنی پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی، جنہوں نے مرحوم مفتی محمد سعید کے ساتھ کام کیا تھا اور اب وہ اس تنظیم میں عدم اطمینان کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا’’اپنی پارٹی جموں و کشمیر کے عام لوگوں کی جماعت ہے، کسی سیاسی خاندان کی نہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ پی ڈی پی کا مسئلہ یہ ہے کہ یہ ایک ہی خاندان کے ہاتھوں میں چلی گئی ہے جبکہ 1999میں یہ جماعت ایک سیاسی متبادل کے طور پر قائم کی گئی تھی تاکہ جموں کشمیر میں خاندانی راج ختم کیا جاسکے اور نیشنل کانفرنس کی اجارہ داری کو چیلنج کیا جاسکے‘‘۔روایتی سیاسی جماعتوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے بخاری نے کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں کے دوران، ان جماعتوں نے سب کچھ نئی دہلی کو بیچ دیا ہے۔ وزیر اعظم کا عہدہ سونپنے سے لے کر خطے میں سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کی اجازت دینے تک، انہوں نے اپنے ذاتی اور سیاسی فائدے کے لیے ہر چیز پر سمجھوتہ کیا ہے۔انہوں نے کہا’’ اپنی پارٹی واحد جماعت ہے، جو نئی دہلی سے کچھ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے‘‘۔