سرینگر// حکومت نے رواں مالی سال کے ضلع بجٹ میں’’نئے کاموں‘‘ کیلئے50فیصد رقومات کی واگزاری کو منظوری دی۔ جمعرات کو فائنانشل کمشنر خزانہ ڈاکٹر ارن کمار مہتہ نے اس سلسلے میں با ضابطہ طور پر حکم نامہ بھی جاری کیا جس میں کہا گیا’’نئے کاموں‘‘ کے سلسلے میں سال2020-21 کے منظور شدہ ضلع بجٹ تصرف میں سے50 فیصد رقومات کی واگزاری کو منظوری دی جاتی ہے،تاہم ضلع ترقیاتی کمشنرز، کنٹرولنگ آفیسر 1،اکاؤنٹس افسراں پائے تکمیل تک پہنچانے والی ایجنسیوں کو ان نئے کاموں کیلئے مزید واگزار کریں گے جن کی رواں مالی سال یا آئندہ مالی سال میں مکمل ہونے کے بطور نشاندہی کی گئی ہے‘‘۔ سرکاری حکم نامہ زیر نمبر31of 2021 محررہ 29 جنوری2021میں کہا گیا ہے’’کام کی سرگرمی سے متعلق واگزاری’’ بیم‘‘ اپلی کیشنزکے ذریعے ہوگی اور ضلع ترقیاتی کمشنر 2ہفتوں کی بنیاد پر تکمیلاتی اخراجات کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔‘‘افسراں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہر نئے کام کے نتائج اور تکمیل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر مرکزی توجہ مرکوزکی جائے،جبکہ اس سلسلے میں انتظامی منظوری،ای ٹینڈرنگ ، منصوبوں کی جیو ٹیگ والی تصاویر پیش کرنے اور فنی منظوری کی پوری تصدیق ہونی چاہئے۔’’نئے کاموں‘‘کے سلسلے میں جاری کردہ فنڈز کا استعمال سرکاری حکم نامہ زیر نمبر3 of 2021محررہ5جنوری2021 کے تحت ’’جاری کام‘‘ اور ’’غیر تعمیراتی سرگرمیاں‘‘ سے مشروط ہوگا۔‘‘