سرینگر//حول سرینگر کے علاقہ رنگہ مسجد میں موسم سرما شروع ہونے کے ساتھ ہی بجلی کی ابتر صورتحال کے سبب ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔رنگہ مسجد حول میں نصب 630 کلو واٹ بجلی ٹرانسفارمر سے بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے جہاں بہت ہی کم وولٹیج کے سبب موم بتیاں جلاکر روشنی حاصل کی جاتی ہے۔مقامی شہری محمد شاہد خان ساکن رنگہ مسجد حول نے بتایا کہ’ ہمارے علاقہ کو بجلی سپلائی رسیونگ اسٹیشن مغل مسجد حول سے فیڈر نمبر 3 سے فراہم کی جاتی ہے جبکہ کرالپورہ حول کے مقام پر 630 کلوواٹ بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا گیا جس سے رنگہ مسجد حول کو برقی رو فراہم کی جاتی ہے لیکن بدقسمتی سے سردیوں کے موسم میں انتہائی کم وولٹیج ہوتی تھی جس کے نتیجے میں شام کو برقی رو ہونے کے باوجود بھی روشنی کے لئے کچھ الگ سے انتظام کرنا پڑتا تھا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بستی میں اضافی ٹرانسفارمر کا انتظام کرکے ہزاروں کی آبادی کو مشکلات سے نجات دلائی جائے۔