جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سرکاری محکموں کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔گورنر نے افسروں کے کام کاج کی ستائش کی اور کہا کہ ان افسروں میں ریاست کے معاملات کو بہتر طور سے چلانے کی قابلیت موجود ہے۔انہوں نے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ محکموں میں رشوت ستانی اوربے ضابطگیوں کے خلاف سخت کاروائی کریں اوراس میں ملوث لوگوں کے خلاف قانونی ضابطے کے تحت کاروائی عمل میں لائیں۔ موسم گرما کے سلسلے میں صحت عامہ اور بجلی محکموں کی تیاریوں کا جائیزہ لیتے ہوئے گورنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ صارفین کو معقول بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے ایک منظم طریقہ کار اختیار کریں۔گورنر نے طبی حکام کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کو موثر طبی خدمات فراہم کرنے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔گورنر نے افسروں کو صلاح دی کہ وہ اپنے ماتحت محکموں سے متعلق شکایات کا جائیزہ لے کر ان کے نپٹارے کے لئے محکموں کے نوڈل افسروں کے ذریعے وقت پر ان کے ازالہ کو یقینی بنائیں۔