جمیکا، یکم فروری// ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل بین الاقوامی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے لگی ایک سال کی طویل پابندی کے بعد کرکٹ میں دوبارہ واپسی کے لئے تیار ہیں جس سے ان کے اس سال آئی پی ایل میں اپنی ٹیم کولکاتا نائٹ رائڈرس کے لیے کھیلنے کا راستہ بھی صاف ہو گیا ہے ۔رسل ریجنل سپر 50 ٹورنامنٹ میں جمیکا کی نمائندگی کریں گے جو معطلی کے بعد ان کا پہلا کرکٹ ٹورنامنٹ ہے ۔کیریبین آل راؤنڈر پر واڈا کے قوانین کے تحت اپنی رہائش کی معلومات نہیں دینے پر ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے ایک سال کے لئے معطل کر دیا گیا تھا۔جمیکا میں ایک آزاد ٹربیونل نے رسل کو 31 جنوری 2017 سے 30 جنوری 2018 تک کیلئے کرکٹ کے ہر فارمیٹ سے معطل کر دیا تھا۔تین رکنی سماعت ٹیم نے رسل کو سال 2015 میں 12 ماہ کے وقفے میں تین بار اپنی رہائش کی معلومات نہ دینے کا مجرم پایا تھا۔واڈا قوانین کے تحت ایسا کرنے پر کھلاڑی کو ڈوپ کا مجرم قرار دیا جاتا ہے ۔رسل گزشتہ طویل عرصے سے دنیا بھر کی ٹوئنٹی 20 لیگز میں کھیل رہے ہیں اور آئی پی ایل کے اہم کھلاڑیوں میں ہیں۔حال ہی میں ہوئی آئی پی ایل نیلامی سے پہلے ہی کے کے آر ٹیم نے انہیں ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن کے ساتھ ہی رٹین کیا تھا۔رسل کو کولکتہ نے 8.5 کروڑ روپے کی بھاری رقم خرچ کر ٹیم میں رٹین کیا ہے ۔کیریبین آل راؤنڈر فی الحال سپر 50 ٹورنامنٹ کے ذریعے اپنی فٹنس اور کارکردگی پر کام کریں گے اور اس کے بعد 22 فروری سے دبئی میں شروع ہونے جا رہی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کھیلیں گے جہاں وہ اسلام آباد یونائٹڈ کی جانب سے کھیلیں گے ۔ اس کے بعد وہ آئی پی ایل کیلئے ہندستان پہنچیں گے ۔رسل ویسٹ انڈیز کے ان سینئر کھلاڑیوں سنیل نارائن، ڈیرن براوو، کیرون پولارڈ کی فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے آئندہ عالمی کپ کوالیفائنگ کے بجائے پی ایس ایل میں کھیلنے کو اہمیت دی تھی۔یو این آئی۔