سرینگر//بون اینڈ جوائنٹ اسپتال برزلہ میں پیر کو او پی ڈی خدمات بحال کی گئیں۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر میاں سہیل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ آگ کی ہولناک واردات میں اسپتال کی صرف 10فیصد مشینری خاکستر ہوئی جبکہ 90فیصد مشینری صحیح حالت میں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا’’ ایمرجنسی آپریشن تھیٹر پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے اور آپریشن تھیٹر اور وارڈ تیار ہونے کے بعد ایمرجنسی خدمات کو بھی بحال کیا جائے گا‘‘۔ ڈاکٹر سہیل نے بتایا ’’اسپتال کا ایکسرے سیکشن، پلاسٹر سیکشن، فیزیو تھرپی اور دیگر شعبہ جات کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ، اور ان شعبہ جات نے بھی معمول کے مطابق کام کرنا شروع کردیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی واردات میں اسپتال کے دوران جے وی سی اسپتال منتقل کئے گئے مریضوں کا علاج و معالجہ کیلئے بھی بون اینڈ جوائنٹ اسپتال سے ادویات اور ہڈیوں کے جوڑنے کی دیگر چیزیںبھیج دی جاتی ہیں۔ ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو متاثر ہونے نہیں دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی خدمات بحال کرنے کیلئے مریضوں کیلئے وارڈوں کی ضرورت بھی پڑے گی لیکن وارڈ بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔