ایجنسیز
پورنیا (بہار)// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو الزام لگایا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور آر جے ڈی کے تیجسوی یادو بہار کے سیمانچل علاقے کو دراندازوں کی ’اماجگاہ‘ بنانے پر تلے ہوئے ہیں، اور زور دے کر کہا کہ مرکز ہر غیر قانونی تارکین وطن کا پتہ لگا کر ان کی شناخت کرے گا، ان کے ناموں کو انتخابی فہرستوں سے حذف کر دے گا۔پورنیا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، شاہ نے زور دے کر کہا کہ این ڈی اے 243 رکنی ایوان میں 160 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرکے بہار میں حکومت بنائے گی۔انہوں نے 6 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’’آدھی ریاست نے پہلے ہی کانگریس-آر جے ڈی اتحاد کو دروازہ دکھا دیا ہے‘‘۔انہوں نے مزیدکہاکہ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو بہار کے سیمانچل علاقے کو دراندازوں کے اڈے میں تبدیل کرنے پر تلے ہوئے ہیں… ہم ہر غیر قانونی تارکین وطن کا پتہ لگائیں گے اور ان کی شناخت کریں گے، انتخابی فہرستوں سے ان کا نام حذف کریں گے اور انہیں ان کے ملک بھیج دیں گے۔