سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ پارٹی رکن نعیم بٹ ساکن راولا کورٹ کی ہلاکت کو آزادی کیلئے کشمیریوںکی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کا تسلسل ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے حکمران مدار پور (سیز فائر لائین)کے نزدیک کی گئی پولیس فائرنگ کی تحقیقات کیلئے عدالتی تحقیقات کا حکم دیں او ر جنہوں نے نعیم بٹ کو بیدردی کے ساتھ جاں بحق کیا، کو قرار واقعی سزا دلائیں۔ یاسین ملک نعیم بٹ کی یاد میں تنظیم کے مرکزی دفتر پر منعقدہ ایک مجلس سے خطاب کررہے تھے۔محمد یاسین ملک کی سربراہی میں منعقدہ اس مجلس تعزیت میں کئی فرنٹ قائدین و اراکین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر فرنٹ قائدین نے نعیم بٹ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے غمزدہ لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔مجلس سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ نعیم بٹ کی قربانی جموں کشمیر کیلئے دی جارہی قربانیوں اور جاری جدوجہد کا ہی تسلسل ہے ۔انہوں نے کہا کہ جبری طور پر منقسم جموں کشمیر کے دونوںطرف خاص طور پرسیز فائر لائین سے متصل رہنے والے کشمیری عرصۂ دراز سے ایک ایسے تنازعے کا نشانہ بنے ہوئے ہیں جسے عالمی برادری آج تک حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک پرجوش باضمیر کشمیری جوان کی جدائی پر ہمارے دل اور ضمیر چھلنی ہوچکے ہیںاور پوری کشمیری قوم معصوم نعیم کے غمزدہ لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’ ہم آزاد کشمیر کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں وہ اس ضمن میںفی الفور عدالتی تحقیقاتی کمیٹی کا اعلان کرے‘‘۔ دریں اثناء لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کے مطالبے کو فوراً تسلیم کرتے ہو ئے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔