دہلی // عابد خان ؍؍جموں وکشمیر کرکٹ ٹیم نے اتوار کو پہلے رانجی ٹرافی میچ میں جھارکھنڈ کو 106رنوں سے شکست دے کر یہ میچ اپنے نام کر لیا ۔ جمشید پور کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے میچ میں معروف کرکٹر اور جموں وکشمیر ٹیم کے کپتان پرویز رسول اور عامر عزیز نے پانچ وکٹیں حاصل کر کے جھارکھنڈ کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی ۔پہلی اننگ میں جموں وکشمیر ٹیم نے 376رن بنائے جبکہ جھارکھنڈ نے 292رن بنا کر اس اننگ ختم کرنے کا اعلان کیا ۔اس اننگ میں جموں وکشمیر ٹیم کے مدثر نے 3اور پرویز رسول نے 2وکٹ حاصل کی ۔دوسری اننگ کے دوران جموں وکشمیر کی ٹیم نے 9کھلاڑیوں کے نقصان پر 265رن کے سکور پر اننگ ختم کرنے کا اعلان کیا اورجھارکھنڈ کو یہ میچ جیتنے کیلئے 350رنوں کا ہدف دیا ۔جموں وکشمیر ٹیم کی دوسری اننگ میں سٹار آل راونڈر پرویز رسول نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی چوکوں کی مدد سے 70رن بنائے جبکہ احمد بانڈے نے بھی اُن کا دوسری جانب سے اچھا ساتھ دیتے ہوئے 50رن سکور کئے ۔جہار کھنڈ کی طرف سے یوسنگھ نے تین وکٹ حاصل کیں ۔جھار کھنڈ کے بلے باز دوسری اننگ میں ہدف کو پورا کرنے کیلئے اگرچہ محتاط انداز سے کھیلنے لگے تاہم پرویز رسول اور عامر کی سپن بالنگ کے سامنے پوری ٹیم بے بس نظر آئی ۔جھارکھنڈ کی طرف سے ندیم نے کچھ حد تک پرویز اور عامر کی گیند بازی کا مقابلہ کیا اور 53رن سکور کئے تاہم وہ کافی دیر تک کریز پر نہیں ٹک پائے ۔ جھارکھنڈ کی پوری ٹیم دس وکٹ کھو کر 243رن پر آوٹ ہوئی اور جموں وکشمیر نے رانجی ٹرافی میں پہلی جیت درج کرتے ہوئے 106رن سے میچ اپنے نام کر دیا ۔پرویز رسول کو میچ میں بہترین کارکردگی کیلئے مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔