رام بن //ملک کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع رام بن کے متعدد قصبہ جات میں بھی سکھوں کے گورو نانک دیو سنگھ جی کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔گوردوارہ سنگھ سبھا، گوردوارہ یادگار میلا سنگھ بٹوت اور گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی انتظامیہ کی طرف سے منعقدہ ان تقاریب میں خواتین ، بچوں سمیت عقیدتمندوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے مبلغین نے لوگوں کو ان کے بتائے ہوئے راستہ پر چلنے کی تلقین کی۔ راگی جتھوں نے گوربانی کا پاٹھ کر کے عقیدتمندوں کو محظوظ کیا۔ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی جانب سے بٹوت اور رام بن میں خصوصی لنگروں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کی جانب سے بھی اس موقعہ پر انتظامات کئے گئے تھے۔