ایم ایم پرویز
رام بن// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن ضلع میں تعمیر 1.08 کلومیٹر فلائی اوور کی نئی تعمیر شدہ اضافی دو لین کو ہفتہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، یہ منصوبہ کئی لحاظ سے اہم ہے۔ 1.8 کلومیٹر طویل رام بن فلائی اوور شاہراہ کے اودھم پور-رام بن سیکشن پر چار لین پروجیکٹ کا اہم ایک حصہ ہے، اضافی دو لین کھولنے کے ساتھ ہی رام بن فلائی اوور پروجیکٹ کا کام تقریباً مکمل ہو گیا ۔ٹریفک پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ٹریفک کو اس نئے تعمیر شدہ وایاڈکٹ کے ذریعے موڑ دیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ اضافی 2 لین وایاڈکٹ کے کھلنے سے رام بن قصبے میں معمول کے ٹریفک جام کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔ قبل ازیں بدھ کے روز مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نتن گڈکری نے اعلان کیا تھا کہ قومی شاہراہ -44 کے ادھم پور-رام بن سیکشن پر 328 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کردہ 1.08 کلومیٹر کی لمبائی والے رام بن وایا دڈکٹ پر کام مکمل ہو گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے ذریعہ تعمیراتی کمپنی گیمن انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے انجینئروں نے کہا کہ فلائی اوور کے ساتھ پیدل چلنے والوں کے راستے پر صرف کچھ کام زیر التوا ہے اور اسے ایک دو دنوں میں مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ این ایچ اے آئی کے انجینئروں نے کہا کہ پیدل چلنے والے پاتھ وے کلورٹ پر کام جاری ہے تاہم انہوں نے کہا کہ رام بن وایاڈکٹ کی اضافی دو لین ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔ قبل ازیں 1.08 کلومیٹر طویل رام بن فلائی اوور کی چار میں سے دو لین پر کام مکمل کیا گیا تھا اور اسے یکم جولائی 2023 کو شری امرناتھ یاترا کے یاتریوں کی گاڑیوں سے لے جانے کی سہولت کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ بعد میں، ایک ہفتے کے بعد اسے عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ اس ڈھانچے کے متوازی چلنے والے اضافی 2 لین وائڈکٹ پر کام بھی مکمل کر لیا گیا اور اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ اس 26 سپین فلائی اوور کی تعمیر میں کنکریٹ اور سٹیل کے گرڈرز کا استعمال کرتے ہوئے مختلف ساختی انتظامات شامل ہیں۔ یہ دوہرا مقصد پورا کرتا ہے: سب سے پہلے، یہ رام بن بازار میں بھیڑ کو کم کرتا ہے، گاڑیوں کی آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بناتا ہے۔ دوسرا، یہ سری نگر جموں قومی شاہراہ -44 پر گاڑیوں کے بغیر کسی رکاوٹ کے گزرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بصیرت انگیز قیادت میں، ہم جموں و کشمیر کو غیر معمولی ہائی وے انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے اپنے عزم میں اٹل رہتے ہیں”۔ قابلِ ذکر ہے کہ اودھم پور-رام بن اور رام بن-بانہال حصوں پر چار لین پروجیکٹ کا کام ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے چل رہا ہے۔ رام بن ضلع میں اودھم پور سے ناشری تک ادھم پور-رام بن سیکشن پر چار لین کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے جبکہ ناشری-ڈھلواس سٹریچ، پیڑا-چندر کوٹ پر اضافی 2 لین والی ٹنل اور میہاڑ-کیفیٹیریا موڑ، رام بن ٹنلوں پر کام جاری ہے۔ رام بن اور بانہال حصوں کے درمیان مختلف سرنگوں کے پلوں اور سڑکوں کو چوڑا کرنے پر مشتمل چار لین پروجیکٹ کا کام بھی جاری ہے۔