محمد تسکین
بانہال// رام بن بانہال سیکٹر میں جمعہ کی سہ پہر بعد سے ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو شام تک جاری تھا۔ بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بنا کسی خلل کے جاری تھی تاہم جمعہ کی صبح سے ہی رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں شدید ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں مسافر گاڑیاں قطار در قطار کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام پھنسی رہیں۔ رام بن ، مکرکوٹ ،رامسو ، شیر بی بی اور قصبہ بانہال کے درمیان ٹریفک جام کا یہ سلسلہ جمعہ شام تک جاری تھا اور ریلوے سٹیشن بانہال سے ریک گاڑی پکڑنے کیلئے مسافروں کو کئی کئی کلومیٹر کا سفر پیدل ہی طے کرنا پڑا۔
جمعہ کی صبح سے ہی شدید ٹریفک جام کی وجہ سے بانہال قصبہ کے سکولوں کی طرف آنے والی آدھ درجن کے قریب سکولی بسیں شاہراہ کے مختلف مقامات پر کئی گھنٹے پھنسی رہیں اور دوپہر بارہ بجے سکولی بچوں کو واپس گھروں کو بھیج دیا گیا۔ اسی طرح ٹریفک جام کی وجہ سے عام لوگوں ، مریضوں اور سرکاری ملازمین کو بھی کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسے رہنا پڑا اور کئی ملازمین نے بتایا کہ دفتر نہ پہنچنے کی وجہ وہ غیر حاضر قرار پائے۔ سرینگر سے جموں سفر کررہے ایک مسافر راکیش بٹ اور جموں سے سرینگر سفر کررہے ایک اور مسافراے کے کول نے بتایا کہ انہیں رامسو اور بانہال کے درمیان چار سے پانچ گھنٹے جام میں رہنا پڑا۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں ٹریفک کی نقل و حرکت جاری رہی تاہم خانہ بدوش بکروالوں کی نقل و حرکت اور گاڑیوں کی خرابی کی وجہ سے گاڑیوں کی رفتار سست رہی۔