سرینگر//وزیر خزانہ سید محمد الطاف بخاری نے محکمہ خوراک و امور صارفین کو50 فیصد بجٹ واگذار کرنے کی ہدایت دی ہے تا کہ محکمہ ریاست میں صارفین کے لئے راشن خرید سکے۔وزیر نے یہ ہدایت ایک میٹنگ کے دوران دی جس میں ریاست میں راشن خریدنے کے لئے بجٹ کا جائیزہ لیا گیا۔میٹنگ میں خوراک و سول سپلائیز کے وزیر محمد اشرف میر، پرنسپل سیکرٹری خزانہ، نوین کمار چودھری، سیکرٹری امور صارفین ڈاکٹر عبدالرشید کے علاوہ محکمہ کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے رقومات کی واگذاری کی ہدایت دی تا کہ صارفین کی سہولیت کے لئے پہلے ہی راشن خریدا جاسکے۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ کھانڈ سمیت دیگر راشن کم قیمتوں پر حاصل کی جانی چاہئے۔ علاوہ ازیں کرگل، لیہہ اور دیگر علاقوں کے لئے اگست تک راشن سٹاک کیا جانا چاہئے۔بخاری نے افسروںپر زور دیا کہ وہ راشن کی خرید اور اسے سٹاک کرنے کے عمل میں تیزی لائیں تا کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ حکومت صارفین تک معیاری غذائی اجناس بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے افسروںسے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صرف معیاری راشن ہی ریاست کو سپلائی کیا جاسکے۔