عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے ترجمان اور راجیہ سبھا کے امیدوار عمران نبی ڈار نے منگل کے روز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)، پیپلز کانفرنس (پی سی)، عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی)، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اور آزاد اراکینِ اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ راجیہ سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار کی حمایت کریں تاکہ جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی آواز پارلیمان میں مضبوطی سے سنی جا سکے۔
سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران عمران نبی ڈار نے کہا کہ یہ انتخابات محض سیاسی جماعتوں کے درمیان مقابلہ نہیں بلکہ جموں و کشمیر کی آئینی شناخت اور عوامی نمائندگی کے تحفظ کی ایک بڑی آزمائش ہیں۔
انہوں نے کہا،’ہم سب کا مشترکہ مقصد جموں و کشمیر کے مفادات کا تحفظ ہونا چاہیے۔ اس موقع پر میں تمام جمہوریت پسند جماعتوں اور آزاد اراکینِ اسمبلی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ذاتی یا جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر نیشنل کانفرنس کے امیدوار کو ووٹ دیں تاکہ ہم ایک مضبوط اور متحد آواز کے طور پر دہلی میں اپنے لوگوں کی ترجمانی کر سکیں۔‘
عمران نبی ڈار نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور ریاستی وقار کے لیے پرعزم رہی ہے اور اسی جذبے کے تحت پارٹی راجیہ سبھا میں اپنی مؤثر نمائندگی قائم رکھنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں اتحاد اور یکجہتی ہی جموں و کشمیر کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ہم اختلافات کے باوجود ایک بڑے مقصد کے لیے ساتھ آ سکتے ہیں، اور وہ مقصد ہے، جموں و کشمیر کے عوام کی آواز کو طاقت دینا۔
راجیہ سبھا انتخابات: نیشنل کانفرنس نے پی ڈی پی، پی سی، اے آئی پی، اے اے پی اور آزاد اراکین اسمبلی سے حمایت کی اپیل کی
