عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری تا دوڈاج سڑک کی خستہ حالی نے مقامی آبادی کیلئے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے گڈھے اور نا ہموار سطح نے آمد و رفت کو نہ صرف دشوار بلکہ خطرناک بنا دیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ سڑک کئی قریبی دیہات کو جوڑنے والی ایک اہم رابطہ شاہراہ ہے جس پر روزانہ سینکڑوں گاڑیاں گزرتی ہیں، تاہم طویل عرصے سے اس کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے اس کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔علاقے کے باشندوں کا کہنا ہے کہ خراب سڑک کی وجہ سے نہ صرف گاڑیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ روزانہ سفر کرنے والے طلباء ، مریضوں اور ملازمین کو بھی شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بارش کے دنوں میں یہ سڑک مزید خطرناک ہو جاتی ہے، کیونکہ پانی بھر جانے سے گڈھے چھپ جاتے ہیں اور حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ راجوری۔دوڈاج سڑک کی فوری مرمت اور بحالی کے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی نہ صرف نقل و حمل میں رکاوٹ ہے بلکہ یہ عوامی سلامتی کیلئے بھی خطرہ بن چکی ہے۔ عوام نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمے سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ ہزاروں لوگوں کو روزمرہ کی تکالیف سے نجات مل سکے۔