سمیت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کورٹ کمپلیکس راجوری کے مال خانہ (قبضہ کے کمرے) میں پیش آئے چوری کی واردات انجام دینے والے دو افراد کو گرفتارکر کے چوری کئے گئے کروڑوں روپے کا مال مسروقہ برآمدکیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری امرت پال سنگھ نے پولیس لائنز راجوری میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 3 اور 4 اپریل کی درمیانی رات کورٹ کمپلیکس راجوری کے مال خانہ کے اندر چوری کی ایک واردات پیش آئی جس میں مختلف اشیاء چرائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر/2023 143 کے تحت پولیس اسٹیشن راجوری میں درج کیا گیا اور اس کے بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے تکنیکی شواہد کے ساتھ مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں چند مشتبہ افراد کو پکڑا گیا اوران کی شناخت محمد شوکت ولد چوہدری میر محمد ساکن کھڈی کرمارہ پونچھ اور محمد تاج ولد محمد اسلم ساکن حیات پورہ منجاکوٹ راجوری کے طور پرہوئی۔دونوں ملزمان نیچوری میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور محمد شوکت کے انکشاف پر پولیس ٹیم نے مسروقہ مال برآمد کر لیا جس میں ہیروئن جیسے 4 پیکٹ وزنی تقریباً چار کلو گرام، جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے، ایک لاکھ نقدی جعلی اور انڈین کرنسی نوٹ اور ایک موبائل فون شامل ہے۔امرت پال سنگھ نے کہاکہ ملزمان کے ضلع میں چوری کی دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے بارے میں مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزم محمد شوکت ایک بدنام زمانہ مجرم ہے جس نے ماضی میں بھی اس طرح کی کچھ غیر قانونی حرکتیں کی ہیں اور پونچھ سے مفرور بھی ہے جس کے خلاف 512 سی آر پی سی کے تحت وارنٹ پہلے ہی جاری کیے گئے ہیں۔افسر نے یہ بھی بتایا کہ اس بات کا ہر ممکن امکان ہے کہ ملزم نے کورٹ کمپلیکس کا چکر لگایا ہو کیونکہ وہ کسی مقدمے میں اپنی شمولیت کے لیے عدالت میں حاضری دیتا تھا اور اس کا مقدمہ چل رہا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ”ہماری پولیس ٹیم نے اس کیس کو حل کرنے کے لیے دن رات کام کیا۔”