سمیت بھارگو
راجوری// اتوار کو یہاں راجوری ضلع کے ایک دور افتادہ گائوں میں ایک 40 سالہ شخص اور اس کے تین بچوں کی موت ہو گئی، جب کہ اس کی بیوی اور ایک اور بیٹی بیمار پڑ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ فضل حسین، ان کی اہلیہ شمیم اختر(38) اور چار بچے، جن کا تعلق بدھل گورلا گائوں سے ہے، کو ہفتے کی دیر رات معدے میں شدید تکلیف کے ساتھ راجوری گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔حسین اتوار کی صبح علاج کے دوران انتقال کر گئے، جب کہ ان کی بیوی اور بچوں کو خصوصی علاج کے لیے جموں ریفر کر دیا گیا۔ ان میں سے تین بچے 15 سالہ رابعہ کوثر، 12 سالہ فرمانا کوثر اور 4 سالہ رفعت احمد جموں ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ اختر اور اس کی دوسری بیٹی 12 سالہ رخسار اب بھی زیر علاج ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکا دل محمد نے کہا کہ پولیس نے ان کی موت کی صحیح وجہ جاننے کے لیے تفتیشی کارروائی شروع کر دی ہے۔