راجوری//راجوری ضلع میں شب برأت کی مناسبت سے شب بیداری اور علماء کے خطاب کا سلسلہ جاری رہااور بڑی تعداد میں لوگوں نے ذکر واذکار میں رات گزاری ۔ 15شعبان المعظم کو ہر سال کی طرح امسال بھی لوگوں نے عقیدت واحترام کے ساتھ شب بیداری کااہتمام کیا۔ اس موقعہ پر ضلع بھر میں تقاریب منعقد ہوئیں ۔ سب سے بڑی تقریب عیدگاہ میدان راجوری میں منعقد ہوئی جہاں ریاست کے ساتھ ساتھ بیرون ریاست سے بھی علماء نے شرکت کی ۔انہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی آخر الزماں ؐکی بعثت کا مقصد امت مسلمہ کو صراط المستقیم کی طرف گامزن کرنا تھا لیکن آج کا مسلم پوری دنیا میں پریشان ہے ،اس کی صرف ایک ہی وجہ ہے وہ قرآن وحدیث سے دورہوچکاہے ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمات محمدیہ ؐ کو اپنے گھروں سے باہر نکالاجارہا ہے، بیٹا ماں باپ کا نافرمان ہوتا جارہا ہے، بیٹی ماں سے دور ہورہی ہے ،معاشرے کے بڑے چھوٹے لوگ علماء کی صحبت سے دور بھاگ رہے ہیں جو گمراہی کا سب سے بڑا سبب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے قانون کو من وعن ماننااور اس پر عمل پیراہونا ہی ایک سچے مومن کی پہچان اور کامیابی کی نشانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس متبرک رات میں دنیاکے تمام جن وانس کی تقدیریں لکھی جاتی ہیں، اس دن جو شخص والدین سے روٹھا ہواہے یا کسی اپنے مسلمان سے ناراض ہے تواسے چاہئے کہ وہ معاف کرے تاکہ اللہ تعالی اس کے درجات بلند فرمائے ۔انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ یکجا ہوکر قرآن وسنت پر عمل پیراہوجائیں تاکہ باطل طاقتیں پاش پاش ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر چاہتے ہیں کہ مسلم طبقہ کو فرقوں میں تقسیم کیا جائے لیکن مسلم امت کو چاہئے کہ وہ غیر وں کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے اللہ کے دین کی خاطر متحد ہوجائیں ۔اس دوران مولانا تطہیر احمد، مشہور شاعر سید محمد وصی ، ضلع صدر انجمن اہل سنت مولوی فاروق نعیمی بھی موجو دتھے ۔