سرینگر//راجوری ضلع کے بیشتر علاقوں میں گذشتہ رات کے دوران رواں موسم کی پہلی برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں وہاں کئی سڑکیں آمد و رفت کیلئے بند ہوئیں۔
حکام کے مطابق رات بھر خراب موسم کی اطلاعات ضلع کے سبھی علاقوں میں سے موصول ہوئیں تاہم تھنہ منڈی اور کوترانکا علاقوں میں رات بھر برفباری ہوتی رہی۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ راجوری میں رواں موسم کی پہلی اور بھاری برفباری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوترانکاقصبہ میں کم و بیش ایک فٹ جبکہ قصبہ کے ارد گرد واقع مینڈھر گالا علاقوں میں کم و بیش ڈیڑھ فٹ برف جمع ہوئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق کوترانکا کا راجوری سے رابطہ منقطع ہوا ہے تاہم سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔اسی طرح تھنہ منڈی اور سرنکوٹ کے درمیان راستہ بھی بند ہوگیا ہے ۔
حکام کے مطابق بھاری برفباری کی وجہ سے کہیں سے بھی کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔