راجوری//راجوری قصبے کے کھنڈلی پل میں واقع بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کے گھر پر ایک پراسرار دھماکہ ہوا ہے جس میں چند افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ جمعرات کی شام تقریبا 09:20 بجے بی جے پی منڈل صدر جسبیر سنگھ کے گھر پر ایک پراسرار دھماکہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب خاندان کے افراد گھر کے سامنے بیٹھے تھے اور اس دوران ایک مشتبہ دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا جس میں خاندان کے چار سے پانچ افراد زخمی ہوئے۔عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ چار سے پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں جو سب راجوری میڈیکل کالج سپتال میں زیر علاج ہیں۔ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ، ایس پی راجوری ، فوج کے افسران سمیت سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ایس ایچ او راجوری سمیر جیلانی نے کہا کہ ہم موقعہ واردات پر ہیں اور تفتیش جاری ہے۔اس دوران میڈیکل کالج ہسپتال میں نامناسب طبی انتظام کا الزام لگا کر زخمیوں کے ساتھ گئے لوگوںنے احتجاج کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔