عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //راجوری پولیس نے ایک بڑی کارروائی میں 7490 نشہ آور گولیاں ضبط کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ پولیس تھانہ راجوری کی ٹیم نے چلڈرن پارک کے قریب معمول کی گشت کے دوران دو افراد کو مشکوک حالت میں گھومتے دیکھا۔ پولیس پارٹی کو دیکھ کر دونوں افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سخت کوششوں کے بعد ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔گرفتار شخص کی شناخت محمد یوسف ولد محمد صادق سکنہ وارڈ نمبر 04، چلڈرن پارک راجوری کے قریب کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق، محمد یوسف کے سامان کی تلاشی لینے پر اس کے بیگ سے درج ذیل ممنوعہ ادویات برآمد ہوئیں ۔پولیس نے بتایا کہ دوسرے ملزم کی شناخت کی جا رہی ہے جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ اس حوالے سے پولیس تھانہ راجوری میں کیس ایف آئی آر نمبر 543/2024 درج کیا گیا ہے۔ ملزمان پر نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینسز (NDPS) ایکٹ کی دفعات 8، 21، اور 22 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے اس نیٹ ورک کے دیگر افراد کو بے نقاب کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے مشکوک افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ منشیات کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔