راجوری//راجوری ضلع کے سندر بنی علاقے میں 69بٹالین سرحدی حفاظتی فورس( بی ایس ایف) کے دو اہلکار کیمپ چھوڑ کر لاپتہ ہوگئے ہیں۔حکام نے سندربنی پولیس اسٹیشن میں دونوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی ہے جس کے بعد دونوں کی کھوج شروع کردی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ دونوں جوان بی ایس ایف کے سندربنی کیمپ میں ڈیوٹی پر تھے، جہاں سے وہ جمعرات کی دیر شام لاپتہ ہوگئے۔حکام کا کہنا ہے کہ قانون کے متعلقہ حصوں کے تحت ایک گمشدہ رپورٹ سندر بنی پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے جس میں ابھی تک لاپتہ اہلکاروں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔لاپتہ کانسٹیبلوں کی شناخت کانسٹیبل ایشی صاحب راؤ دلیپ اور کانسٹیبل سورج پال کے نام سے ہوئی ہے۔سب ڈویژنل پولیس آفیسر نوشہرہ ذاکر شاہین مرزا نے بتایا کہ دونوں لاپتہ اہلکاروں کی تلاش جاری ہے لیکن ان کا ابھی تک سراغ نہیں مل سکا۔