عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ضلع نے جل سنچے جن بھاگیداری 1.0 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور اس اعزاز کے طور پر ضلع کو 2 کروڑ روپے کا نقد انعام دیا گیا ہے۔یہ کامیابی مرکزی نوڈل افسران کی جانب سے تصدیق شدہ اور مستند ڈیٹا کی بنیاد پر ضلع کو عطا کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھشیک شرما کی متحرک قیادت میں ضلع انتظامیہ نے شب و روز محنت کرتے ہوئے اس اسکیم کی کامیاب عمل آوری کو یقینی بنایا۔ زون وائز کارکردگی کے جائزے میں راجوری نے قومی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا، جو اس ضلع کی شفافیت، عوامی شمولیت اور بہتر طرز حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے۔جل سنچے جن بھاگیداری پروگرام کے تحت ضلع میں بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لئے 4,208 ڈھانچوں کو جیوتیگ کیا گیا جن میں 132 امرت سروور، 894 تالاب، 510 باؤلیاں، 2,270 ہارویسٹنگ ٹینک اور 408 ڈگ ویل شامل ہیں۔ یہ اقدامات بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کی صلاحیت بڑھانے اور طویل مدتی آبی تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیر اعظم کے ڈ ویژن کے تحت پانی کے تحفظ کو عوامی شراکت اور شمولیت کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں جل سنچے جن بھاگیداری پروگرام نے ’پوری سوسائٹی اور پوری حکومت‘ کے نقطہ نظر کو اپنایا ہے۔قومی سطح پر 13 ریاستوں کو 5 زون میں تقسیم کیا گیا تھا اور زون 5، جس میں جموں و کشمیر کا یو ٹی شامل تھا، اس میں راجوری نے سب سے اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 2 کروڑ روپے کا یہ انعام جاری ترقیاتی اقدامات کو مزید تقویت دینے اور عوامی فلاحی اقدامات کو بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام محکموں، فیلڈ اسٹاف اور شراکت داروں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز صرف راجوری کی کامیابی نہیں بلکہ پائیدار ترقی کی جانب سفر کو مزید مضبوط کرنے کی ترغیب بھی ہے۔