عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// بھارتی فوج کی ایک منی بغیر پائلٹ ڈرون(یو اے وی)، جو راجوری سیکٹر میں استعمال کی جا رہی تھی، جمعہ کے روز تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں بھٹک گئی۔ حکام نے پاکستانی فوج کے عہدیداروں کو ہاٹ لائن پر معاملے سے آگاہ کیا۔ فوج نے بتایا کہ UAV واپس کرنے کے لیے پاکستانی فوج کو ہاٹ لائن پر پیغام بھیجا گیا ہے کہ یہ تربیتی مشن پر تھا۔ایک اہلکار نے بتایا، صبح 9.25 بجے، ہندوستانی علاقے میں تربیتی مشن پر ایک منی یو اے وی تکنیکی خرابی کی وجہ سے کنٹرول کھو بیٹھی اور بھمبر گلی سیکٹر کے سامنے پاکستان کے نکیال سیکٹر میں جا گرا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ پاکستانی فوجیوں نے UAV برآمد کر لیا ہے۔ملی ٹینٹ دراندازوں کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے فوج ایل او سی پر سخت نگرانی کر رہی ہے۔14 اگست کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملی ٹینٹ حملوں میں اضافے کے بعد جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی اور اس خطرے کو کچلنے کی حکمت عملی تیار کی۔