محمد تسکین
بانہال // ہفتے کی شام ضلع رام بن کے راج گڑھ۔ کاستی گڑھ رابطہ سڑک پر پیش آئے کا کار کے ایک دلخراش حادثے میں باپ بیٹے کی موت واقع ہو گئی جبکہ اس حادثے میں ماں بیٹی زخمی ہوئی ہیں اور انہیں ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ کنبہ رام بن ضلع کے جٹگلی علاقے میں شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد ضلع ڈوڈہ کے کاستی گڑھ میں واقع اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔
یہ کار راج گڑھ سے تین کلومیٹر دور دھرما نامی مقام پر سڑک سے زائد از 400 فٹ نیچے گہری کھائی میں جاگری۔ پولیس نے بتایا کہ اس حادثے میں پریتم لال عرف پپو ولد برج لال ساکنہ کاستی گڑھ اور اس کے 11 سالہ بیٹے نیتن کمار کی موت ہسپتال منتقلی کے دوران موت واقع ہوئی جبکہ اس حادثے میں پریتم لال کی تیس سالہ اہلیہ گوردائی اور ان کہ نو سالہ بیٹی سندیا دیوی زخمی ہوئی ہیں اور انہیں علاج کیلئے ضلع اسپتال رام بن پہنچایا گیا ہے۔
رام بن پولیس نے بتایا کہ واقع پولیس سٹیشن ڈوڈہ کی حدودمیں پیش آیا ہے اور حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور پولیس پوسٹ راج گڑھ کے اہلکاروں نے بچاؤ کاروائیوں کا آغاز کیا اور چاروں زخمیوں کو پہلے راج گڑھ ہسپتال اور بعد میں ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا لیکن باپ اور بیٹے نے دوران منتقلی دم توڑ دیا۔