نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بائیں بازو کی انتہا پسندی کو مکمل طور پر نیست و نابود کرنے کے لئے جارحانہ پالیسی کی تیاری اور ان کے مالی ذرائع کو مکمل طور پر منقطع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسے ان کے خلاف جنگ میں سب سے اہم ہتھیار قرار دیا۔ مسٹر سنگھ چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں عسکریت پسندوں کے حملے میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے 25 جوانوں کے مارے جانے کے بعد تقریبا دو ہفتے بعد نکسلیوں سے نمٹنے کے لئے جامع اور مربوط پالیسی تیار کرنے کے لئے نکسل متاثرہ دس ریاستوں کے وزرائے اعلی اور اعلی سیکورٹی حکام کی یہاں منعقد اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اگرچہ اجلاس میں تمام دس ریاستوں کے وزیر اعلی شامل نہیں ہوئے ۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا، "ہمیں بائیں بازو کی انتہا پسندی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے جامع پالیسی اور حکمت عملی تیار کرنے اور سیکورٹی فورسز کی تعیناتی اور آپریشن میں جارحانہ رخ اختیار کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ واقعات کے بعد کی جانے والی جوابی کارروائی سے بہتر ہوگا کہ سیکورٹی فورسز پہلے سے ہی مستعد رہیں۔ "