سرینگر//ممبرا اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگا می نے یہاں راج بھون گورنر این این ووہرا سے ملاقات کر کے ریاست میں امن و امان کی بحالی اور کولگام حلقے سے جڑے کئی ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تاریگا می کے خدشات کی سراہنا کرتے ہوئے گورنر نے انہیں امن و امان بنائے رکھنے میں اپنے اقدامات جاری رکھنے کی تلقین کی تاکہ اُن کے علاقے کے عوام کی بہبود یقینی بن سکے ۔گورنر نے تاریگامی کو طلباء کی کونسلنگ کر کے انہیں امن و قانون کی صورتحال میں شامل نہ ہونے دینے کے لئے کوششیں کرنے کے لئے کہا۔ چیف انجینئر پروجیکٹ بیکن کرنل ایچ ایس مان نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کرکے بیکن کی طرف سے عملائے جارہے مختلف پروجیکٹوںکے بارے میں گورنر کو جانکاری فراہم کی۔گورنر نے سونمرگ ۔نیل گرتھ ۔زوجیلہ سڑک کے کام کی بروقت تکمیل پر زوردیا تاکہ آنے والی شری امرناتھ یاترا کے دوران سیاحوں کو مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے ۔ریاست میں سڑک نیٹ ورک کو بہتر بنانے میں بی آر او کے کام کاج کی سراہنا کرتے ہوئے گورنر نے تمام کاموں کو وقت پر مکمل کرنے تلقین کی ۔سابق مرکزی ٹورازم سیکرٹری پرویز دیوان نے راج بھو ن میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی جس دوران انہوںنے ریاست کے سیاحتی وسائل کو ایک منظم طریقے پر اجاگر کرنے سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ اس شعبے میں روزگار کے کافی وسائل موجود ہیں جس کی بدولت ریاست کے اقتصادی منظرنامے کو تقویت حاصل ہوسکتی ہے۔گورنر نے پرویز دیوان سے کہا کہ وہ ریاستی محکمہ سیاحت کو وسعت دینے اور اس کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے لئے اپنی تجاویز دیں۔