سرینگر//دہلی پبلک اسکول، آرمی اسکول کے اشتراک سے ریاست جموں کشمیر کے اسکولوں کیلئے رات کو کھیلے جانے والے ایک فٹبال ٹورنامنٹ کااہتمام کررہا ہے۔’چنارکپ ‘کے نام سے موسوم یہ ٹورنامنٹ 7ستمبر سے شروع ہوگااور اس میں16ٹیمیں حصہ لیں گی۔یہ ٹورنامنٹ اسکول کے میدان میں منعقد ہوگا۔ناک آوٹ بنیادوں پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں ہرروز دو میچ کھیلے جائیں گے اور ٹورنامنٹ کا فائنل میچ16ستمبر کوکھیلا جائے گا۔یہ ملک کی تاریخ میں پہلا ٹورنامنٹ ہوگاکیونکہ دہلی پبلک اسکول کو یہ امتیازحاصل ہے کہ یہاں رات کا میچ کھیلنے کیلئے میدان میں روشنی کا مکمل انتظام ہے۔ڈی پی دھر میموریل ٹرسٹ کے پرووائس چیرمین وجے دھر نے یہ ٹورنامنٹ منعقد کرانے کامقصدبتاتے ہوئے کہاکہ ڈی پی ایس سرینگربہترسماج کی تعمیر کیلئے سبھی شعبوں میں امتیازحاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے اور کھیل کود کی ترقی اورترویج اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی سطح پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے ہم ہر قسم کی سہولیات بہم رکھنے کیلئے کوشاں ہیں ۔اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے اسکول کے پرنسپل ایلسٹئر فریس نے کہا کہ ہمار اڈھانچہ اب کسی بھی عالمی ادارے کے برابر ہے اور ہماری ہر کوشش کا مقصد یہی ہے کہ اس کا بھر پور استعمال کیا جائے تاکہ بچوں میں موجود ٹیلنٹ کو نکھارا جائے۔انہوں نے کہا کہ رات کے دوران فٹبال کے کھیل سے بچوں کو نیا تجربہ حاصل ہوگااور اس سے ریاست میں کھیل کلچر کو بھی مزیدفروغ ملے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں دہلی پبلک اسکول،آرمی پبلک اسکول،ٹنڈل بسکو اسکول،برن ہال اسکول،گرین ویلی ایجوکیشنل انسٹی چیوٹ،ڈاکٹر اے جی ایمز سٹی اسکول،ڈی پی ایس بڈگام،اے گی ایس ہانزک،کے وی نمبر1سرینگر،جے اینڈ کے سینک اسکول مانسبل،اے جی ایس وزر،اے جی ایس پہلگام،سینکٹورم اسکول سوپور،اے جی ایس سوپور وبانڈی پورہ،اے جی ایس کروسن وچندی گام حصہ لے رہے ہیں۔