بانہال// پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کے تحت زیر تعمیر بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کی تعمیر میں کی جاری سستی روی کے خلاف منگت اور اس کے ایک درجن کے قریب ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے سراچی گلی کے نزدیک احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک کو فوری طور پر مکمل کرنے اور بند پڑے کام کو جلد از جلد شروع کرنے کی مانگ کی ہے۔ لوگوں کے ایک وفد نے چند روز پہلے تحصیلدار اور سیاسی لیڈروں سے ملاقات کی تھی اور اسی ملاقات کے نتیجے میں ہفتے کے روز تحصیلدار بانہال اور کئی سیاسی لیڈروں نے جائے موقع کا دورہ کیا اور فسٹ کلاس ایگزیکٹیو مجسٹریٹ جو تحصیلدار بھی ہیں نے موقع پر موجود پی ایم جی ایس وائی کے افسران سے تحریری طور لکھ کر لیا کہ وہ اس سال 15 اگست تک بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کو مکمل کرکے قابل آمدورفت بنائیں گے۔ہفتے کی صبح سے ہی نیابت مہو۔ منگ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں لوگ پانچ کلومیٹرکا پیدل سفر طے کرکے سراچی گلی پہنچے تھے جہاں تحصیلدار بانہال شفیق احمد وانی ، ممبر اسمبلی بانہال کے پرسنل سیکریٹریری الیاس وانی بانہالی اور پی ایم جی ایس وائی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر بانہال کو زیر تعمیر سڑک میں کی جا رہی کوتاہی کا جائزہ لینے اور عوامی مشکلات سننے کیلئے پہنچنا تھا اور وہ دوپہر بعد یہاں پہنچ گئے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر محکمہ جنگلات کی کلیئرنس کے باوجود بھی محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور متعلقہ ٹھکیدار کی عدم دلچسپی اور من مانی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے اور کام مکمل طور سے بند پڑا ہوا ہے۔ لوگوں نے پچھلے دنوں بانہال میں کئے گئے احتجاج کی طرح ہفتے کو بھی سراچی گلی کے پاس احتجاجی مظاہرہ کیا اور سرکار اور پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے علاقہ مہو منگت کے ساتھ جاری بے انصافی کے خلاف نعرے لگائے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ آج ممبر اسمبلی بانہال اور ایس ڈی ایم بانہال کی یہاں پہنچنے کی توقع کرتے تھے تاہم تحصیلدار بانہال اور ممبر اسمبلی کے پی اے نے علاقے کا دورہ کرکے لوگوں کی داد فریاد سنی۔ انہوں نے کہا کہ منگت ، ہرگام ، ناگنڈار، کڈجی ،ارم ڈکہ ، سراچی ، بجناڑی وغیرہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے آزادی سے اب تک سخت مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور کئے جا رہے ہیں اور اس میں کسی قسم کی مزید کوتاہی کی صورت میں ہزاروں لوگ جموں سرینگر شاہراہ کا رخ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور ضلع حکام علاقہ مہو۔ منگت کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں اور لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ہفتے کی دوپہر بعد بانہال سے سراچی گلی پہنچے تحصیلدار بانہال شفیق وانی اور ممبر اسمبلی بانہال کے پرسنل سیکریٹری الیاس بانہالی نے لوگوں کے غم کو غصہ کو کم کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو پندرہ اگست تک اس رابطہ سڑک کو قابل امدورفت بنانے کی تنبیہ کی گئی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے متعلقہ افسر سے تحصیلدار بانہال نے تحریری طور لکھکر بھی لیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ پندرہ اگست تک گاڑی منگت تک پہنچانے کی یقین دہانی کو حقیقت میں بدلنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو نہ صرف باپند بنایا جائے گا بلکہ ناکامی کی صورت میں محکمہ اور متعلقہ ٹھیکیدارکے خلاف قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ تحصیلدار بانہال کی اس یقین دہانی کے بعد لوگوں نے احتجاج کو ختم کیا۔ اس سڑک کی تعمیر کے علاوہ لوگوں نے دورہ کرنے والے افسروں کو علاقہ منگت کو درپیش دیگر مشکلات سے بھی آگاہ کیا اور بدلے میں انہیں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔