سرینگر// سرینگر کے فتح کدل علاقے میں بدھ کو جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ کے بیچ جان بحق مالک مکان کے فرزند رئیس حبیب کو پولیس کی طرف سے جنگجو قرار دینے کے دعویٰ کو مقامی فلاح و بہبود کمیٹی نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رئیس ایک تاجر تھا۔ ویلفیئر کمیٹی محلہ سید علی اکبر صاحب فتح کدل اور علاقے کے معززین نے مشترکہ بیان میں پولیس کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ویلفیئرکمیٹی نے بتایا’’ جوان سال نہتے شہری رئیس حبیب کو فورسز کے ہاتھوں بے رحمی سے شہید کر کے موصوف کو عسکریت پسندوں کا بالائی ورکر قرار دینا،خلاف واقعہ ہے، اور ہم اس کی مذمت کرتے ہوئے واضح کرتے ہیں کہ رئیس حبیب پیشہ سے ایک تاجر تھا اور اس کو بالائی ورکر قرار دینا انتہائی افسوس ناک ہے‘‘۔ علاقے کے لوگوں نے رئیس حبیب کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔