سرینگر// ریاست جموں وکشمیر میں 67فیصد دیہی آبادی کی ماہانہ آمدن پانچ ہزار روپے سے کم ہے ۔ریاستی حکومت کے مطابق 67فیصد آبادی ایسی ہے جس کے گھر میں سب سے زیادہ کمانے والے فرد کی ماہانہ آمدن 5ہزار سے کم ہے ۔اسی طرح 14فیصد آبادی ایسی ہے جن کی ماہانہ آمدن 5ہزار سے10ہزار روپے اور 18فیصد دیہی آبادی کی ماہانہ آمدن 10ہزار روپے سے زائد ہے ۔تاہم ملک کی دیگر ریاستوںکے مقابلے میں جموں و کشمیر کے عوام کی آمدن قدرے بہتر ہے ۔ریاستی سرکار نے اقتصادی سروے رپورٹ میںبتایاہے کہ جموں وکشمیر کے دیہی علاقوں میں 10لاکھ 80ہزار گھرانے ایسے ہیںجہاں سب سے زیادہ کمانے والے ایک فردکی ماہا نہ آمدن 5ہزار سے کم ہے اور یہ تعدادا عداد وشمار کے مطابق 67.44 فیصدبنتی ہے ۔اسی طر ح ریاست کے دیہی علاقوں میں 2,32,753 گھروں پر مشتمل 14.35فیصد آبادی میں سب سے زیادہ کمانے والے ایک شخص کی ماہانہ آمدنی 5000سے 10000روپے ہے ۔اعدادوشمار کے مطابق دیہی علاقوں میں صرف 18.02فیصد یعنی 288670گھرانے ایسے ہیں جہاں سب سے زیادہ کمانے والے فرد کی ماہانہ آمدنی 10000روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے ۔ اقتصادی سروے رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک کے مقابلے میں ریاست میں پانچ ہزار سے کم ماہانہ آمدنی والے افراد کی تعدادکم ہے ۔جہاں ملک میں 74.52فیصد دیہی آبادی میں ایک گھر میں سب سے زیادہ کمانے والے فرد کی کمائی 5ہزار سے کم ہے وہیں ریاست میں یہ تعداد کم ہے اور لوگوں کی حالت بھی ملک کی اوسط سے بہتر ہے اور یہاں 67.44فیصد دیہی آبادی ایسی ہے جس میں سب سے زیادہ کمانے والے افراد کی ماہانہ کمائی پانچ ہزار سے کم ہے ۔اسی طرح دیہی علاقوں میں10 ہزار سے زیادہ کمانے والے افراد کی حالت بھی ملک کی اوسط سے بہتر ہے۔ جہاں بھارت میں یہ تعداد 8.25فیصدہے وہیںریاست میںیہ تعداد 18.02فیصد بتائی گئی ہے ۔